مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور عمان کے وزرائے سیاحت نے اقوام متحدہ کی عالمی سیاحت تنظیم کے 26 ویں اجلاس کے موقع پر ریاض میں ملاقات کی، جس میں بحری اور ثقافتی سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیر برائے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری سید رضا صالحی امیری نے عمان کے وزیر سیاحت سالم بن محمد المحروقی سے ملاقات میں کہا کہ ایران کی قومی پالیسی خلیج فارس کی صلاحیتوں کو فعال کرتے ہوئے علاقائی تعاون اور ساحلی سیاحت کو فروغ دینے پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان بحری سیاحت بڑھنے سے ثقافتی و اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔
صالحی امیری نے تین اہم شعبوں میں تعاون کی تجاویز پیش کیں جن میں ایران اور عمان کے درمیان براہِ راست ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھانا، مشترکہ سیاحتی ریلیاں اور ثقافتی تقریبات اور تہران اور مسقط میں باہمی سیاحتی نمائشوں کا انعقاد شامل ہیں۔
انہوں نے ایران کی طبی پیشرفت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کے 1000 سے زائد اسپتال اور لاکھوں طبی ماہرین عمانی شہریوں کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر عمانی وزیر سالم بن محمد المحروقی نے ایران کو خطے میں ایک تاریخی اور اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات احترام اور دوستی پر مبنی ہیں، اور عمان ہمیشہ ایران کے ساتھ قریبی تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے ایران کے ساتھ کروز سیاحت اور بحری مسافروں کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔
عمانی وزیر نے ایران کی تاریخی اور قدرتی سیاحت کی کشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران عمانی سیاحوں کے لیے ایک محفوظ، خوبصورت اور ثقافتی طور پر مالا مال منزل ہے۔ انہوں نے ایران کی تجویز کردہ باہمی نمائشوں کا خیرمقدم کیا اور قدیم قنات نظام پر مشترکہ یونیسکو ورثہ منصوبے کی تجویز بھی دی۔
انہوں نے مسقط میں ایرانی طبی سیاحت کی نمائش منعقد کرنے کی پیشکش کی تاکہ عمانی عوام کو ایران کی جدید طبی سہولیات سے روشناس کرایا جا سکے۔
دونوں وزرا نے بحری، طبی، ثقافتی اور نمائشی سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور ملاقات کے نتائج پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران صالحی امیری نے عمانی وزیر کو فروری 2026 میں تہران میں ہونے والی بین الاقوامی سیاحت نمائش میں شرکت کی دعوت دی تاکہ ایران کی نئی سیاحتی پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جاسکے۔
آپ کا تبصرہ